Select your Top Menu from wp menus

تعمیر ملت کنونشن : امام حرمین‘ ملک اور بیرون ملک کے علماء و دانشوران اور وزیراعلی بہار کی شرکت

تعمیر ملت کنونشن : امام حرمین‘ ملک اور بیرون ملک کے علماء و دانشوران اور وزیراعلی بہار کی شرکت

یو این آئی


نگارشات، مراسلات اور اپنے علاقے کی خبریں میل کر سکتے ہیں
E-mail naushad.com311@gmail.com/info@starnews.today

نئی دہلی،13 فروری: مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے خطیب و امام اور شیخ الحدیث سمیت ملک او ربیرون ملک کے معروف علما، دانشور اور مفکرین کے علاوہ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار بہار اور نیپال کی سرحد کے قریب سپول میں واقع جامعتہ القاسم دارالعلوم اسلامیہ میں کل سے شروع ہونے والے تین روزہ تعمیر ملت کنونشن میں شرکت کریں گے۔
کنونشن کے منتظم مفتی محفوظ الرحمان عثمانی نے بتایا کہ اس کنونشن کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ مدینہ منورہ کے خطیب و امام مسجد جمعہ کی نماز پڑھائیں گے اور صوبہ بہار کے باشندگاہ کو پہلی مرتبہ امام حرمین کی امامت میں نماز جمعہ ادا کرنے کی سعادت حاصل ہوگی۔انہو ں نے بتایا کہ اس سے قبل مکۃالمکرمہ اور160 مدینہ منورہ کے خطیب وامام اور شیخ الحدیث مشترکہ طور پر جامع الامام محمد قاسم النانوتوی نامی وسیع وعریض مسجد کا افتتاح کرینگے جبکہ القاسم اسلامک یونیور سٹی کی بنیاد بھی انہیں کے دست مبارک سے رکھی جائیگی۔
مفتی عثمانی نے مزید بتایا کہ کنونشن کے پہلے دن چودہ فروری کومسابقہ قرآن ہوگا جس میں بہار او رجھارکھنڈ کے طلبہ حصہ لیں گے۔15 فروری کوایک جلسہ عام منعقد ہوگا جس کی صدارت آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی کریں گے۔اس جلسہ سے دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سالم قاسمی‘ جامع مسجد دہلی کے شاہی امام سید احمد بخاری ‘ اسلامی امور کے ماہر پروفیسر اختر الواسع کے علاوہ متعدد دیگر اہم علماء کرام اوردانشور بھی خطاب کریں گے۔ بہار کے وزیر اعلی مسٹر نتیش کمار بھی اس اجلاس میں مہمان خصوصی کے طورپر موجود رہیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے آخری دن 16فروری کونو تعمیر وسیع وعریض جامع الامام محمد قسم نانوتوی مسجد کا افتتاح مسجد نبوی ،مدینہ منورہ کے خطیب وامام شیخ صلاح بن محمدالبدیر،مسجد نبوی کے شیخ الحدیث سماحۃالشیخ الدکتورحامدبن احمدبن اکرم،مسجدنبوی کے استاد تفسیرشیخ محمد عثمان الحافظ،مسجد نبوی مدینہ شریف کے مؤذن شیخ عیادبن احمدالشکری اور خانۂ کعبہ مکۃ المکرمہ کے امام تراویح واستادبکلیۃالحرم المکی الشریف ومعتمد جامعہ القری کے ذریعہ کیا جائے گا۔نماز جمعہ کے بعد مکۃالمکرمہ اور مدینہ منورہ کے مذکورہ تمام شیوخ ودیگر علماء کرام پچیس ایکڑ میں تعمیر ہونے والی القاسم اسلامک یونیور سیٹی کا مشترکہ طور پر سنگ بنیادرکھیں گے۔
مفتی عثمانی نے کنونشن کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بتایا کہ اس سے خصوصی طور پر بہار اور عمومی طورپر پورے ملک میں تعلیمی بیداری آئے گی۔
دریں اثنا سپول کے کلکٹر بیجناتھ یادو ‘ ایس پی مرتنجے چودھری ‘ ایس ڈ ی او ونے کمار ‘ بی ڈی او پرویز عالم وغیرہ نے کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے جامعہ القاسم کا دورہ کیا ۔